بنگلورو،19؍مارچ (ایس او نیوز) اگلے لوک سبھا انتخابات کی تیاریوں کے درمیان کانگریس اور جے ڈی ایس کو مقامی سطحوں پر جن مشکلوں کاسامنا کرنا پڑرہاہے ان سے نپٹنے اور متحد ہوکر انتخابات لڑنے کے ساتھ ریاست میں زیادہ سے زیادہ سیٹوں پر کامیابی حاصل کرنے کے لیے آج کانگریس اور جے ڈی ایس قائدین کااعلیٰ سطحی اجلاس ہوا۔ دونوں پارٹیوں کے قائدین کو کن کن حلقوں میں مشترکہ انتخابی مہم چلانے ہوگی اس پر بھی تبادلۂ خیال کیاگیا۔ اور طے کیاگیا کہ ہر لوک سبھاحلقے کے لیے دونوں پارٹیاں اپنے اپنے انچارج کاتقرر کریں گے ۔ امیدواروں سے تال میل کے ساتھ دونوں پارٹیوں نے طے کیاہے کہ کارکنوں کی سطح پر جو چھوٹے موٹے اختلافات ہیں ان تمام کوفراموش کرکے اتحاد کے امیدواروں کی کامیابی کے لیے جدوجہد کی جائے گی ۔
آج شہر کی ایک نجی ہوٹل میں سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوے گوڈا ، سابق وزیراعلیٰ سدارامیا ، وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمارسوامی ، کے پی سی سی صدر دنیش گنڈوراؤ ، کارگزار صدر ایشورکھنڈرے ، ریاستی وزیر ڈی کے شیو کمار ، جے ڈی ایس رکن پارلیمان اوپیندراریڈی کی موجودگی میں منعقدہ میٹنگ میں طے کیاگیا ہے کہ ٹمکور ، منڈیا اور ہاسن پارلیمانی حلقوں میں بعض کانگریس لیڈروں کی کھلی بغاوت کے پیش نظر ان کارکنوں کو راہ راست پر آنے کی ہدایت دی جائے گی ۔ ان کارکنوں کو اعتماد میں لے کر کوشش کی جائے گی کہ کانگریس جے ڈی ایس اتحاد کم از کم 20تا 22سیٹوں پر کامیابی حاصل کریں ۔ سیکولر ووٹ کسی بھی حال میں تقسیم نہ ہونے پائیں اس بات کو یقینی بنائیں ، سبھی 28حلقوں میں دونوں پارٹیوں کے لیڈروں کو متحد کرکے متعلقہ حلقوں میں میدان میں اترنے والے امیدواروں کی پارٹی کے لیے انتخابی مہم چلانے کی ہدایت دینے کامیٹنگ میں فیصلہ لیاگیا۔